نہیں بھائی، یہاں نہیں۔۔۔ اب آ گئے ہیں تو اپنی ساری عقل و دانش، دلیل، منطق اس گھر سے باہر رکھ آئیے۔۔
حرم نبوی کی زیارت کی سعادت نصیب ہوئی تو ریاض الجنۃ میں حاضری کے لیے لائن میں لگ گئے۔ اس دفعہ ریاض الجنۃ کے زائرین کو تین گروہوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایک گروہ ریاض الجنۃ میں موجود ہوتا تھا اور قریب ہر آدھے گھنٹے بعد انہیں روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی جالیوں والی سمت سے رخصت کر کے ریاض الجنۃ کو خالی کرا لیا جاتا تھا۔ دوسرا گروہ ریاض الجنۃ سے متصل بنائی گئی انتطار گاہ میں موجود رہتا اور ریاض الجنۃ کے خالی ہونے کے بعد اس گروہ کو وہاں داخلے کی اجازت ملتی۔ اس انتظار گاہ کے بعد مسجد نبوی کا ہال اور باقی تمام حصہ تھا۔ تیسرے گروہ کے لوگ مسجد میں سے اکٹھے ہو کر انتظار گاہ کی دیوار کے ساتھ جمع ہو جاتے تھے۔ اور جب انتظار گاہ میں موجود لوگ ریاض الجنۃ میں چلے جاتے تو اس تیسرے گروہ کو انتظار گاہ میں جانے کے لیے دیوار ہٹا دی جاتی تاکہ وہ ریاض الجنۃ میں جانے کے لیے انتظار گاہ میں اپنی باری کا انتظار کریں۔